ملتان(سٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، ہر پندرہ دن بعد پیٹرول مہنگا کر کے لوٹ مار کا نیا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں مگر عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب کے سامنے مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے کی قیادت سید ذیشان اختر امیر جماعت جنوبی پنجاب اور صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ملتان نے کی۔ اس موقع پر خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل ملتان، حافظ محمد اسلم نائب امیر ضلع, خواجہ صغیر احمد نائب امیر ضلع، میاں آصف اخوانی سمیت ارکان و کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی سید ذیشان اختر نے کہا کہ چینی مافیا کو ہر دور حکومت میں نوازا گیا، چینی کی قیمت 140 سے بڑھا کر 200 روپے فی کلو کر دی گئی۔ 89 میں سے 90 فیصد شوگر ملیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ہیں اور ان کے ڈیلرز چند طاقتور افراد ہیں جو رجسٹرڈ بھی نہیں۔ یہ مافیا ہر حکومت میں قومی وسائل کو بلیک میل کرتا ہے سید ذیشان اختر نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں شامل ناجائز ٹیکسز فوری ختم کیے جائیں۔ جعلی سلیبز سسٹم کے ذریعے عوام کو فریب دیا جا رہا ہے۔ 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان محض ایک دھوکہ ہے۔ حکومت کی نااہلی نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے اور کرپشن نے اداروں کو بےبس کر دیا ہے امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ ایف بی آر کا کردار بدعنوانی اور دھونس کا نمائندہ بن چکا ہے۔ بجلی، پیٹرول، گیس اور چینی کی قیمتوں پر فوری کنٹرول نہ کیا گیا تو عوام کا غصہ حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔