• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر KP نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر 25 ارکان اسمبلی سے حلف لے لیا، اقدام غیر آئینی، چیلنج کریں گے، وزیراعلیٰ

پشاور(گلزار محمد خان) خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کے بغیر صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر نو منتخب خواتین و اقلیتی اراکین سے حلف لے لیا ہے، حکومت کی جانب سے حلف برداری روکنے کیلئے کورم کی نشاندہی کیخلاف اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا جبکہ نو منتخب خواتین اور اقلیتی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے شدید نعرہ بازی کی، اپوزیشن لیڈر نےپشاور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرکے حلف برداری کیلئے کسی مناسب شخصیت کو نامزد کرنے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نامزد کیا ، بعدازاں گورنر نے مخصوص نشستوں پر منتخب 25ارکان سے حلف لیا جن میں جمعیت علمائے اسلام کے9، مسلم لیگ (ن) کے 8، پیپلز پارٹی کے5، عوامی نیشنل پارٹی کے 2اور تحریک انصاف پارلیمنٹرین کا ایک رکن شامل ہے، صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے قبل تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میںحکومتی ارکان کو ایوان جانے سے روکدیا گیا، دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف برداری آئین کی خلاف ورزی ہے، ہائیکورٹ میں چیلنج کرینگے۔ جبکہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جان بوجھ کر کورم پورا نہیں کیا گیا، سازش کے تحت ارکان کو حلف لینے سے روکا گیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو 6سے 7سینیٹ نشستیں مل سکتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستیں اپوزیشن جماعتوں میں تقسیم کرنے کے حکم اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی سفارش پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اتوار کے روز صبح 9بجے طلب کیا تھا، اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس مقررہ وقت سے اڑھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو تلاوت کلام پاک کے بعد تحریک انصاف کے رکن شیر علی آفریدی نے کور م کی نشاندہی کی جس کیخلاف اپوزیشن ارکان نے شور شرابا اور احتجاج شروع کیا جبکہ نو منتخب خواتین اور اقلیتی ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے شدید نعرہ بازی کی ، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہاکہ آخر ایسا کب تک چلے گا ؟ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجودخواتین اور اقلیتی ارکان سے حلف نہیں لیا جارہا ہے اگر اسپیکر نو منتخب ارکان سے حلف نہیں لینگے تو ہم پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے پاس درخواست لیکر جائینگے، اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہاکہ اب کورم کی نشاندہی ہوچکی ہے، مجھے کوئی شق بنائی جائے جسکی رو سے میں اسمبلی کارروائی جاری رکھ سکوں جسکے بعد انہوں نے ایوان میں گنتی کرانے کی ہدایت کی اس وقت ایوان میں 25ارکان موجود تھے جس پر اسپیکر نے دو منٹ کیلئے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا تاہم ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس24جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے بتایا کہ اب جب اسمبلی کا اجلاس ہوگا حلف برداری کی کارروائی ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید