کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی فلاپ بیٹنگ دوسرے ٹی 20 اور سیرز میں شکست کا سبب بن گئی ۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل 8رنز سے جیت کر سیریز دو صفر سے جیت لی۔ بنگلہ دیش نے پاکستان سے پاکستان میں شکست کا بدلہ لے لیا۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے سری لنکا کو سری لنکا میں دو ایک سے شکست دی تھی۔ ایک موقع پر بنگلہ دیش بڑے مارجن سے جیت کی طرف گامزن تھا لیکن فہیم اشرف اور عباس آفریدی نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک سو کا ہدف عبور کیا ۔ ان کی شراکت میں 41 رنز بنے۔ بنگلہ دیش نے پانچ وکٹیں پاور پلے میں حاصل کرکے پاکستانی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ فخر زمان نے53 انٹر نیشنل کیچ لے کر بابر اعظم کا52 کیچ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ جاکر علی کو مشکل صورتحال میں ان کی 55رنز کی اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پانچویں اوور میں 15رنز پر پانچ وکٹ گر گئے اور لگ رہا تھا کہ پاکستان سو کا ہندسہ بھی عبور نہیں کرے گا۔ فہیم اشر ف نے 32گیندوں پر51رنز چار چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ عباس آفریدی 19، احمد دانیا ل نے17 اورخوش دل شاہ نے13 رنز بنائے۔ مائیک ہیسن کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستان کو بیرون ملک کمزور نسبتاً کمزور حریف کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ ٹیم چار گیندیں پہلے125رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ مسلسل دوسرے میچ میں پاکستانی بیٹر بیس اوورز نہ کھیل سکے۔ محمد حارث، حسن نواز اور محمد نواز کوئی رن نہ بناسکے ، چھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوئے۔ فخر زمان 8، صائم ایوب ایک ، سلمان آغا9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شریف الا سلام نے17رنز دے کر تین، تنظیم حسن نے23 اور مہدی حسن نے25رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ منگل کوڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ہوم سائیڈ کو مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز پر آؤٹ کردیا، فاسٹ بولروں نے سات وکٹ حاصل کئے۔ بنگلہ دیش کے 8 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ جاکر علی 55 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے48گیندوں کا سامنا کیا ،پانچ چھکے اور ایک چوکا مارا۔ بنگلہ دیش کی 28 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں۔ کپتان لٹن داس (8)، پہلے میچ کے ہیرو پرویز حسین (13)، محمد نعیم (3) اور توحید ہردوئے (0) بناکر آوٹ ہوئے۔ جاکر علی اور مہدی حسن نے پانچویں وکٹ کے لیے 53 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ مہدی حسن نے25 گیندوں پر دو چھکے اور دو چوکے لگاکر 33 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش ٹیم کی سنچری مکمل ہوتے ہی اس کی ساتویں وکٹ گر گئی اور سلمان مرزا نے تنظیم حسن ثاقب کو 7 رنز پر پویلین بھیج کر اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔ رشاد حسین کو عباس آفریدی نے 8 رنز پر بولڈ کیا۔ عباس اپنے اوور کی آخری گیند پر جاکر علی کو 55 رنز پر آؤٹ کر کے دوسری وکٹ حاصل کی۔ پہلا انٹر نیشنل میچ کھیلنے والے احمد دانیال نے23 اور عباس آفریدی نے 37رنز دے کردو، دو وکٹ لیے ۔ محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔