اسلام آباد(مہتاب حیدر)سعودی آئل فیسیلٹی (SOF) کی بحالی اور کمرشل بینکوں سے قرضوں میں اضافے سمیت چار بڑے عوامل کی بدولت پاکستان نے مالی سال 2025 میں 12.4 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے ہیں۔ مالی سال 2024 میں غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں کل 9.8 ارب ڈالر کی ادائیگی کی گئی تھی۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان نے مالی سال 2025 میں پچھلے مالی سال 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں بیرونی قرضوں کی مد میں 2.6 ارب ڈالر زیادہ حاصل کیے ہیں۔تاہم ورلڈ بینک کے IBRD اور IDA کی شکل میں قرض بجٹ کے تخمینوں سے کم رہا۔ ورلڈ بینک نے IBRD قرض کے طور پر 392 ملین ڈالر جاری کیے جبکہ بجٹ کے تخمینے 550.2 ملین ڈالر تھے۔ ورلڈ بینک کا IDA قرض 1.37 ارب ڈالر رہا جبکہ بجٹ کے تخمینے 1.525 ارب ڈالر تھے۔بیرونی قرضوں کی کل رقم میں IMF سے حاصل ہونے والی رقم شامل نہیں ہے، جو کہ 2.1 ارب ڈالر تھی۔