اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے، نجکاری کے عمل کو موثر ، جامع اور مستعدی سے کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایف بی آر کے ڈیجیٹل ونگ کی ازسر نو تشکیل کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر اہداف کے حصول کے وقت کا تعین کیا جائے، انہوں نے ٹیکس نظام کی بہتری ملکی استحکام کیلئے کلیدی قرار دیدی ، اانہوں نے سیلاب میں پھنسے سیاحوں کا ریسکیو آپریشن تیز کرنیکا حکم دیا ہے ،FBRکے ڈیجیٹل ونگ کی از سر نو تشکیل کیلئے جامع لائحہ عمل بنا نیکی ہدایت،ٹیکس نظام کی بہتری ملکی استحکام کے لئے کلیدی قرار، ادہر وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نےملاقات کی اس دوان گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کیساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs ) کی نجکاری کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہو ا، وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ منتخب اداروں کی نجکاری میں تمام قانونی مراحل اور شفافیت کے تقاضے پورے کیے جائیں، قومی اداروں کی بیش قیمت اراضی پر ناجائز قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں،نجکاری کے مراحل میں قومی اداروں کی ملکیت میں بیش قیمت اراضی کے تصفیہ میں ہر ممکن احتیاط ملحوظ خاطر رکھی جائے،مذکورہ اداروں کی مرحلہ وار نجکاری کے اہداف مارکیٹ کے معاشی ماحول کے مطابق مقرر کیے جائیں تاکہ قومی خزانے کو ممکنہ نقصان سے ہر صورت بچایا جا سکے، نجکاری کے مراحل میں سرخ فیتےاور غیر ضروری عناصر کا خاتمہ کرنے کے لئے نجکاری کمیشن کو قانون کے مطابق مکمل خود مختاری دی جائے گی۔