• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم ہاؤس میں قبائلی جرگہ، KP میں امن و امان کا جائزہ

اسلام آباد( نمائندہ جنگ/ نیوز ایجنسی) وزیراعظم ہاؤس اسلام آ باد میں قبائلی جرگہ منعقد ہوا۔مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں قبائلی عمائدین کی آ مد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان جا ئزہ لیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کا کوٹہ بحال کرنے کا اعلان کیا جس کا قبائلی عمائدین نے خیر مقدم کیا۔ ادھر وزیراعظم شہبازشریف سے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے اپنے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو معاملات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آ باد میں جمعرات کے روز میں قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں وزیر اعظم ہاؤس آنے والے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی عمائدین کے وفد کو خوش آمدید کہا۔جرگہ میں خیبرپختونخوا کےضم شدہ اضلاع میں امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کا کوٹہ بحال کرنے کا اعلان کیا۔ قبائلی عمائدین نے کوٹہ بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نےوفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج وزیراعظم ہاؤس میں آپ قبائلی عمائدین کی میزبانی کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہو رہی ہے۔ آپ کا تعلق پاکستان کے ان علاقوں سے ہے جو شاندار تاریخی پس منظر اور روایات کے امین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائل نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے جوان دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید