اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ادارہ جاتی اصلاحات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، معیشت کی ڈیجیٹایزیشن، سرکاری اداروں کی رائٹ سائزنگ اور حکومتی اداروں میں میرٹ پر ماہرین کی تعیناتی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ ماہرین کی تعیناتی کے حوالے سے میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا۔وزیر اعظم نے ان خیا لا ت کا اظہار گزشتہ روزاپنی زیر صدارت وفاقی وزارتوں اور محکموں میں تکنیکی ماہرین کی تعیناتی اور بیرونی سرمایہ کاری پر حکمت عملی کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزیراعظم کو تکنیکی ماہرین کی تعیناتی کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک تکنیکی ماہرین کی 15 آسامیوں پر تعیناتیاں ہوچکی ہیں، مزید 47 تکنیکی آسامیوں پر ماہرین کی تعیناتی کی جا رہی ہے، 7 اہم وزارتوں اور محکموں میں چیف ایگزیکٹیو افسران، چیف فنانس افسران اور مینجنگ ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے لئے 30 اُمیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ۔