راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہاہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے معاملے میں ابتدائی طور پر ملزمان نے واقعہ کو اغواء کی شکل دینے کی کوشش کی، تفتیش آگے بڑھی تو اطلاعات ملیں کی لڑکی کو قتل کر کے نعش خاموشی سے دفنا دی گئی ، اپنے ایک بیان میں سی پی او نے کہاکہ ملزمان نے قبر کے نشان بھی مٹا دئیے، ایسے معاملات کو ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں،پولیس نے خصوصی ٹیم بنائی جس نے لڑکی کی قبر تلاش کر کے وہاں سیکورٹی لگائی ،سب سے اہم بات یہ ہے کہ مقدمہ کی مدعیت اب پولیس اور سٹیٹ کی ہے، مقدمہ میں دفعہ 311 ت پ شامل کی گئی اس مقدمہ میں صلح نہیں ہو سکتی، سی پی او کاکہناتھاکہ مقدمہ میں کچھ لوگ گرفتار ہیں،قبرستان کمیٹی کا چیئرمین اور گورکن گرفتار افراد میں شامل ہیں،واقعہ کی پوری پکچر پولیس کے سامنے ہے،تمام ملوث افراد کی شناخت کی جا چکی، معاملہ کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ اس جرم میں ملوث کوئی شخص قانون سے نہیں بچ سکے گا۔