کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم کلسٹر پپری سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر مینٹی ننس کے کام کے باعث اتوار کو کراچی کو پانی کی فراہمی میں 68ایم جی ڈی کمی کا امکان ہے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام 7بج کر 40منٹ پر پپری پمپنگ اسٹیشن کے تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی مکمل طور پربحال کردی گئی تھی جب کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان نے کہا کہ پپری سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، قبل ازیں شٹ ڈاؤن کے لیے درخواست کے الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر گرڈ سسٹم آپریشنز کی جانب سے دی گئی تھی، جس کا دورانیہ مجموعی طور پر تقریباً 9 گھنٹے رہا، مینٹیننس کے کام کے سبب شہر کو پانی کی فراہمی میں 68 ایم جی ڈی کمی متوقع ہے، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم اور ڈی ایچ اے میں پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی، شہر کو روزانہ 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، مگر فی الحال شہر کو 582 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔