ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ حکمران کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، ہاتھ جوڑ کر مطالبہ کرتا ہوں کہ فیلڈ مارشل آرمی چیف حافظ سید عاصم منیر نوٹس لیں کیونکہ کاشتکار شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں دو سالوں میں کسانوں کو 2200 ارب کا ٹیکہ لگا دیا گیا ہے حکومت کے نام نہاد زرعی پیکج کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اگر گندم کی فصل بہتر ہوگی تو باقی فصلیں بھی اچھی ہوں گی لیکن حکومت نے زراعت کو اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، کاشتکار معاشی طور پر تباہ ہو چکا ہے اور مہنگے داموں کھاد، بیج ،ڈیزل، بجلی اور پٹرول نے کاشتکاروں کی نیندیں حرام کر کے رکھ دی ہیں۔