• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرت کے نام پر قتل کے واقعات بڑھنے لگے، کراچی میں 2 روز کے دوران 2 جوڑے قتل

کراچی( ثاقب صغیر )ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں،کراچی میں بھی دو روز کے دوران پسند کی شادی پر 2 جوڑوں کو قتل کر دیا گیا جبکہ تیسرے جوڑے کی جان کو بھی خطرات لاحق ہیں۔قتل کی پہلی واردات ڈسٹرکٹ ساؤتھ چائنہ پورٹ پر انجام دی گئی۔چائنہ پورٹ پر گوجرانوالہ کے جوڑے کو قتل کیا گیا۔قتل کا دوسرا واقعہ ملیر گھگر پھاٹک پر پیش آیا۔گھگر پھاٹک پر میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلہ سے قتل کیا گیا۔پسند کی شادی کرنے والا کراچی کا تیسرا جوڑا بھی غیر محفوظ ہے۔گلشن اقبال عزیز بھٹی کی رہائشی کومل نامی لڑکی نے پسند کی شادی کی۔ایک ویڈیو بیان میں کومل نے بتایا کہ اہل خانہ مجھے اور میرے شوہر کو جاں سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ کومل نے بتایا کہ ہم نے کورٹ میں پسند کی شادی کی، ہم پر عزیز بھٹی تھانے میں جھوٹے مقدمات درج کروا دئیے گئے۔کومل نے سوال کیا کہ کیا پسند کی شادی کرنا جرم ہے؟۔سندھ کی بیٹی کی مدد کی جائے۔ مجھے اور میرے شوہر کی جان کو خطرہ ہے تاہم پولیس ہمیں تحفظ فراہم نہیں کر رہی۔اگر ہم قتل ہوئے تو ہمارے قتل کی زمہ داری پولیس اور حکومت پر ہوگی۔کومل نے حکومت اور پولیس سے تحفظ اور انصاف کی اپیل کی ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے تحفظ کے لیے بڑے شہروں میں آتے ہیں جہاں وہ گمنامی کی زندگی بسر کرتے ہیں کیونکہ ان کی جان کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔کراچی میں بھی ملک کے مختلف علاقوں سے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے آتے ہیں،خوش قسمت جوڑے باقی کی زندگی گمنامی میں گذار دیتے ہیں جبکہ کئی یہاں پہنچ کر بھی قتل کر دئیے جاتے ہیں ۔واضح رہے کہ سندھ میں رواں برس غیرت کے نام پر 84 خواتین سمیت 114 افراد کو قتل کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید