کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف جنگ میں ہمارے میڈیا سے بہترین کردار ادا کیا، دہشت گرد اور ہمارا دشمن ملک ڈس انفارمیشن پھیلا رہے ہیں، پی ایف یو جے سچ کو سامنے لانے میں ہماری مدد کرے، پاک بھارت جنگ کے دوران ہمیں اندازہ ہوا کہ ڈیجیٹل میڈیا ہمارا اثاثہ ہے، امید ہے کہ وفاقی حکومت صحافی برادری کا قدر کریگی اور اپنی کچھ پالیسیوں پر نظرثانی کریگی، پی ایف یو جے کی مدد سے ڈس انفارمیشن کیخلاف قانون سازی کی کوشش کرینگے، بلوچستان میں دہشت گردی سمیت کئی مسائل ہیں، یہ مسائل لوگوں کے دل جیت کر حل کیے جاسکتے ہیں، طاقت ان مسائل کا حل نہیں ہے۔وفاقی حکومت صحافی برادری کا قدر کریی اور اپنی کچھ پالیسیوں پر نظرثانی کریگی۔وہ جمعہ کو وزیراعلی ہاوس میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب پی ایف یو جے کی ایگزیکٹو کونسل کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے اتفاق کرتا ہوں کہ پی ایف یو جے ایک تحریک ہے،ایم آر ڈی میں صحافی جمہوریت پسند کارکنوں کیساتھ کھڑے رہے، اخبارات پر پابندیوں کیخلاف صحافیوں کی قربانیاں بھی قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے آر ڈی کے دوران بھی صحافی پابندیوں کیخلاف سراپا احتجاج رہے، شہید محترمہ بےنظیر بھٹو بھی میڈیا کے ساتھ کھڑی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے سچ کو سامنے لانے میں ہماری مدد کرے۔صحافیوں کو سندھ کا دورہ کرانا خوش آئندہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے سیلاب متاثرین یلئے دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کیا ہے۔خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیے ہیں،یہ صرف ہاؤسنگ پروگرام نہیں بلکہ وومن امپاورمنٹ اور غربت کے خاتمے کا پروگرام ہے، میری خواہش ہے اس پروگرام کو بھی صحافی دیکھیں، سندھ کی طرز پر بلوچستان میں بھی ایسا منصوبہ شروع کرنے کی کوشش کرینگے۔