کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جیوکے پروگرام ’’جرگہ‘‘ پر سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں ہر اسمبلی کے بننے پر یہی سنا ہے کہ یہ اسمبلیاں ناجائز ہیں اب یہ سوال غیر اہم ہوچکا ہے۔عمران خان کو کسی قسم کی ڈیل آفر نہیں کی گئی اگر ہوتی تو وہ یہ موقع ضائع نہیں کرتے۔ پاکستان ریلوے نے 77 سالہ تاریخ میں ریکارڈ 93 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا ہے جبکہ پنجاب حکومت آئندہ تین سال میں ریلوے میں 350 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور سندھ سے بھی مثبت بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو بھی اس میں شامل کرنے کے لیے علی امین گنڈاپور سے خود رابطہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد تحریک انصاف کا بیانیہ کمزور ہوا قوم یکجا ہوئی اس پر میں نے بھارت کا شکریہ ادا کیا۔ احتجاج کی اجازت ہے لیکن اگر وہ چھبیس نومبر جیسی صورت اختیار کرے تو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کو والد سے ملنے سے نہیں روکا جائے گا مگر اگر وہ قانون ہاتھ میں لیں گے تو کارروائی ہوگی البتہ میں سمجھتا ہوں ان کے بچوں کو پاکستان آنے کی اجازت ان کے گھر سے ہی نہیں ملے گی۔ اکتیس دسمبر تک معاشی لحاظ سے عوام کے لیے خوشخبریاں متوقع ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے مزید کہا کہ پاکستان نے بہت بڑی فتح حاصل کی ہے جس کے نتیجہ میں اللہ نے دنیا بھر میں پاکستان کو عزت دی ہے، وزیراعظم کی محنت سے پاکستان کی معیشت کھڑی ہو رہی ہے، اور فیلڈ مارشل کی محنت کے نتیجے میں پوری دنیا میں پاکستانی فوج نے اپنا مقام بنایا ہے اور اس وقت ان لوگوں کو منہ کی کھانی پڑی جو کہتے تھے فوج کو لڑنا نہیں آتا اور یہ کمزور ہوگئے ہیں۔ مذموم سازش کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سوشل میڈیا پر کی جارہی ہے کہ پاکستانی فوج کو کمزور کیا جائے اور شام عراق جیسے حالات پیدا کر دیئے جائیں اور جب بھی کوئی دہشت گرد مرتا ہے اس کے پاس جدید ہتھیار ہوتے ہیں ڈالر ہوتے ہیں اور یہ سب ہندوستان دیتا ہے۔