پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کے صدر خالد محمود نے کہا ہے کہ صوبے میں سوئمنگ کے فروغ کیلئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے، نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے تمام ڈویژنز میں کوچنگ کیمپس کا انعقاد کیاجائے گا، 14 اگست کو آزادی کپ اور اکتوبر میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سوئمنگ گولڈ کپ کے مقابلے منعقد کرائیں گے۔ وہ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، سابق صدر سوئمنگ ایسوسی ایسوسی ایشن آصف اورکزئی، خیبر پختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے چیف کوچ شفقت اللہ ڈویژنل نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔ خالد محمود نے نئی کابینہ کا بھی اعلان کیا جس میں جنرل سیکرٹری جاوید مروت، فنانس سیکرٹری ارشد اورکزئی، نائب صدور علینہ سعیداورحسینہ قاضی جبکہ جائنٹ سیکرٹری عمران شامل ہیں۔ خالد محمود نے کہا کہ نئی کابینہ کا مقصد صوبے میں سوئمنگ کا فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود سمیت سردیوں کے دوران سوئمنگ پول میں گرم پانی کی فراہمی سمیت سال بھر کی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہے، خلوص نیت کے ساتھ تیراکوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کریں گے، تاکہ ان کی قومی کارکردگی کو برقرار رکھا جا سکے۔ نہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ستمبر میں یوتھ گیمز کیلئے خیبر پختونخوا کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 20 اگست سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگا جس میں تمام ڈویژنوں سے کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈ کوچز کے زیر نگرانی تربیت دی جائے گی۔