پشاور (ارشد عزیز ملک )وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ کہاہے کہ میں پاکستان سے باہر نہیں جاؤں گا پاکستان میں ہی رہوں گا۔ انہوں نے ڈیل کرنی ہوتی تو کرلی ہوتی یہ سب مفروضے ہیں نئے نئے شوشے چھوڑے جاتے ہیں یہ سب احتجاجی تحریک کو نقصان پہنچانے کے لیے کئے جاتے ہیں-وہ جنگ سے خصوصی بات چیت کررہے تھے ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی بیرون ملک جانے کی کوئی خواہش ظاہر کی اورنہ ہی کبھی یہ بات کی ہے اور نہ ہی کبھی اس بارے میں سوچا ہے کہ کبھی وہ پاکستان چھوڑکر جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنایا ہے عمران خان کی حکومت ہے اورعمران خان کا مینڈیٹ ہے اورانشاء اللہ میں پوری کوشش کررہا ہوں کہ خان کے مینڈیٹ کے مطابق اپنا کردارادا کروں ۔صوبے کو سخت چیلنجز کا سامنا ہے ۔