اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ ایران سے تجارت پر انحصار کرتے ہیں، سرحدی تجارت دونوں ملکوں کیلئے اہم ہے، مند، پشین بارڈر مارکیٹ دوبارہ فعال ہو گئی،چاغی، کوہک اور گبد، ریمدان مارکٹیں جلد فعال کی جائیں گی،نئی مارکیٹوں سے سرحدی علاقوں کو فائدہ ہو گا، بارٹر ٹریڈ پر جلد عملدرآمد ،نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنا ضروری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان ایران بزنس فورم سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیرنے ایرانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات بھائی چارے پر مبنی ہیں،نجی شعبہ 10 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا کسٹمز تعاون اور انفراسٹرکچر بہتر کیا جائے گا، زراعت، معدنیات اور توانائی میں دو طرفہ تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے،حکومت سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔