کراچی( افضل ندیم ڈوگر )ملک کی بیشتر نجی ایئر لائنز نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں جبکہ قومی ایئر لائن کی ہفتہ وار 2معطل کمرشل پروازیں آج سے بحال کی جارہی ہیں۔ نیو گوادر ایئرپورٹ کیلئے کراچی سے ہفتہ میں صرف ایک پرواز آپریٹ کی جا رہی تھی اور کئی ہفتوں سے دو اضافی پروازیں معطل تھیں۔4 اگست سے کراچی سے گوادر کیلئے پیر، جمعرات اور ہفتہ کی تین پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق پروازوں کی بحالی سے مسافروں کی آمدورفت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ترجمان کے مطابق ملک کی نجی ایئر لائنز فلائی جناح، ایئر سیال، ایئر بلیو اور سیرین ایئر نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کیلئے باقاعدہ درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔ گوادر ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ، پارکنگ اور ہاؤسنگ چارجز سے مستثنیٰ سہولتوں کی وجہ سے گوادر فضائی کمپنیوں کے لیے منافع بخش اور پرکشش آپشن ہے۔