• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی 20، طوفانی آغاز، اسپن کے وار، ویسٹ انڈیز کی ہار، میچ اور سیریز پاکستان کے نام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کے درمیان 138رنز کی طوفانی میچ وننگ اوپننگ شراکت کے بعد اسپنرز کے مسلسل وار کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 13رنز سے ہرا کر سیریز دو ایک سے جیت لی۔ پاکستانی اسپنرز نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا ثبوت دیا اور اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس سیریز سے پہلے ویسٹ انڈیز نے لگاتار پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا سے شکست کھائی تھی۔ صاحبزادہ فرحان نے53 گیندوں پر74رنز پانچ چھکوں اورتین چوکوں کی مدد سے بنائے، وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے ، سیریز میں سات وکٹیں لینے والے محمد نواز کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ پیر کو لاوڈر ہل میں پاکستان نے چار وکٹ پر189رنز بنائے جواب میں ناکام ٹیم چھ وکٹ پر176رنز بناسکی۔ کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا۔ پاکستان نے 4 وکٹ پر 189رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 66 رنز 49 گیندوں پر دو چھکوں اورچار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ حسن نواز نے دو چھکوں کی مدد سے 15، فہیم اشرف نے چھ گیندوں پر 10، خوشدل شاہ نے 11 اور حارث نے 2رنز اسکور کیے۔ اوپنرز نے 16.2اوورز بیٹنگ کی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے 11 چھکے اور 7 چوکے مارے۔ جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کو اوپنرزنے 44 رنز کا آغاز فراہم کیا، پھر وقتاً فوقتاً وکٹیں گرنے سے رنز کی رفتار سست ہوگئی۔ ایلک اتھاناز 60 اور شرفین ردرفورڈ 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ جوئیل اینڈریو نے 15گیندوں پر24رنز بنائے۔ شرفین ردر فورڈ نے35 گیندوں پر51رنز تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سفیان مقیم نے جیسن ہولڈر کو صفر پر بولڈ کرکے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔ سفیان نے 20رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی، محمد نواز، حارث رؤف، صائم ایوب نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید