اسلام آباد(نمائندہ جنگ )پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ان کے وفد کی پرجوش مہمان نوازی پرپاکستان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ پیر کوسماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنی پوسٹ میں رضا امیری مقدم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ‘ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی ایرانی وفد کی شاندار میزبانی پر بھی اظہار تشکر کیا۔ ایرانی سفیر نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دورے کو کامیاب بنانے کیلئے گرانقدر تعاون کی تہہ دل سے تعریف کی۔ سفیر رضا امیری مقدم نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کاحامل ہے اور باہمی تعلقات کے فروغ میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے۔