اسلام آباد( رانا غلام قادر)وفاقی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کی بطور چیئرمین واپڈا تقرری کی گئی ہے۔ وفاقی کا بینہ کی منظوری کے بعداسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے ملاقات کی۔شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید کو چیئرمین واپڈا تعیناتی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید بطور چیئرمین واپڈا اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ در یں اثنا ءپاکستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس سروس کے گریڈ انیس کےافسرمحمود عالم گِل کوچیف فنانس افسر پٹرولیم ڈویژن تعینات کیاگیا ہے۔محمود عالم گِل ڈائریکٹر (آڈٹ پالیسی) آڈیٹر جنرل آف پاکستان دفتر، اسلام آباد تعینات تھے۔پاکستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس سروس کے گریڈ بیس کےافسر خالد محمود کوڈائریکٹر جنرل آڈٹ، سوشل سیفٹی نیٹس، اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے۔