• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت سلب کرنے والے سابق گورنر ستیہ پال ملک چل بسے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت سلب کرنے والے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار، میگھالیہ اور جموں و کشمیر کے سابق گورنر 78 سالہ ستیہ پال ملک نے دہلی کے آر ایم ایل اسپتال میں اپنی آخری سانس لی، وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیہ رام پال بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق رکن رہ چکے ہیں، وہ پہلے بی جے پی کے حامی جبکہ بعد میں حکمراں جماعت کے ناقد بن گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ستیہ پال ملک گزشتہ تین ماہ سے زیرِ علاج تھے، انہیں شدید انفیکشن اور گردے کی پیچیدگیوں کی وجہ سے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیہ پال ملک نے اگست 2018ء سے اکتوبر 2019ء تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے آخری گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 

ستیہ پال ملک اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر کے گورنر تھے جب مودی حکومت نے 2019ء میں مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔

ان ہی کے دور میں 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو ختم کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ بہار اور میگھالیہ کے گورنر بنے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیہ پال ملک نے 2019ء کے پلوامہ حملے میں سیکیورٹی لیپس اور کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کے مسائل پر کھل کر بات کی تھی جس کی وجہ سے وہ تنازعات میں بھی رہے، بعد میں وہ بی جے پی کے بڑے ناقد بن گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید