کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز جیتنے کے بعد گرین شرٹس نے مشن ون ڈے پر نظریں جمالیں، محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم منگل کو فلوریڈا سے ویسٹ انڈیز میں ٹرینیڈاڈ پہنچ گئی ۔ کھلاڑی ایک دن آرام کے بعد بدھ کوبرائن لارا اسٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ون ڈے میچز کی سیریز 8 اگست کو شب گیارہ بجے سے شروع ہوگی۔سیریز سابق کپتان بابر اعظم کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی کا سبب بن سکتی ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے لاہور کے لئے روانہ ہوگئے ہیں جہاں ان کا ری ہیب ہوگا۔ ٹیم انتظامیہ نے ان کا متبادل طلب نہیں کیا ہے۔ اگر فخر زمان فٹ نہ ہوئے اور بابر اعظم نے ون ڈے سیریز میں کارکردگی دکھائی، تو ایشیا کپ 2025 اور سہ ملکی ٹی 20 اسکواڈ میں ان کی واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ فخر زمان ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 انجری کا شکار ہو گئے تھے ۔ وہ اس سے قبل بھی فٹنس مسائل کا شکار رہے ہیں۔ قابل ذکر با ت ہے کہ بابر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے دوران محمد رضوان اور نسیم شاہ کے ساتھ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی تھی۔ ایشیا کپ نو ستمبر سے عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ زبردست ہے۔ وہ اب تک 10 میچز میں 79.66 کی اوسط اور پانچ سنچریز و ایک ففٹی کی مدد سے 717 رنز اسکور کر چکے ہیں ۔ انہیں اس ٹیم کیخلاف تین مسلسل ون ڈے سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ رواں سال بابر اعظم اس فارمیٹ میں تیز ترین6000 رنز مکمل کرنے والے بیٹرز میں شامل ہوئے۔ تاہم 2025 میں اب تک ان کی فارم قدرے متاثر رہی، جہاں وہ آٹھ میچوں میں 278 رنز (اوسط 34.75) بنا سکے۔جس میں صرف تین ففٹیاں شامل ہیں۔بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشا کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان رواہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں کیے جانے کا امکان ہے۔