کراچی (شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر) ناروے کپ انڈر 15ایونٹ کیلئے پونے دو کروڑ روپے کی گرانٹ ملنے اور ایونٹ میں شرکت نہ کرنے والی لیاری فٹ بال اکیڈمی کی کے کوچ اور منیجر کو صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہرنے بدھ کواپنے آفس میں طلب کرلیا ہے، اطلاعا ت کے مطابق انہوں نے اکیڈمی کو دی جانے والی رقم واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اکیڈمی اس رقم کو کسی اور ایونٹ کیلئے استعمال نہیں کرسکتی، آئندہ گرانٹ دینے کا فیصلہ کمیٹی کے ذریعے کیا جائے گا۔ ناروے میں ٹورنامنٹ میں تین ٹیمیں بیٹر فیوچر لیاری، مسلم ہینڈز اور لیاری فٹ بال اکیڈمی کو شرکت کرنا تھی، لیکن لیاری اکیڈمی نے فنڈز ملنے کے باوجود شرکت نہیں کی جبکہ بیٹر فیوچر نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتا۔ اس وجہ اکیڈمی کے کوچ شبیر احمد نے ویزا پراسس مکمل نہ ہونا بتاتے ہوئے کہا کہ فنڈز سندھ حکومت کی امانت اور میرے اکاؤنٹ میں موجود ہیں، بلاتردد واپس کردیے جائیں گے۔ سنگاپورمیں نومبر میں ٹورنامنٹ کیلئے دعوت ملی ہے، صوبائی وزیر نے اجازت دی تو ایونٹ میں شرکت کریں گے۔