پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 10 سال قید کی سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لئے حفاظتی ضمانت کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں 8اگست تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی جبکہ الیکشن کمیشن اثاثہ جات کیس کے خلاف دائر ضمنی درخواستوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 12 اگست تک اس کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت کے لئے دائر درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی نے عدالت کوبتایا کہ عمر ایوب کو 10 سال کی سزا ہوئی ہے یہ اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل اس کی گرفتاری کا خدشہ ہے ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے عدالت کوبتایا کہ ان کو عدالت نے سزا سنائی ہے، ان کو گرفتار ہونا ہے جس پر جسٹس سید ارشدعلی نے کہا کہ اس نے عدالت کے سامنے سرنڈر کیا ہے اور وہاں پر پیش ہونے کے لئے وقت مانگ رہا ہے ۔عمر ایوب نے عدالت کوبتایا کہ فیصل آباد، سرگودھا،اور دیگر اضلاع میں میرے خلاف 67 ایف آئی آر درج ہے۔