لاہور ( جنرل رپورٹر )صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نظام صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل جرنلزم ڈیپارٹمنٹ اور انٹرکالجیٹ کنسورشیم کے قیام کی تقریب منعقد ہوئی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے نئے شعبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پروائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پروفیسر جاوید اکرم بھی موجود تھے۔وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وی سی پروفیسر نادیہ نسیم اور پروفیسر نوشینہ سلیم نے بھی تقریب میں شرکت کی۔پی ایم ڈی سی جرنلز کمیٹی کے ممبرز شوکت علی جاوید، پروفیسر اختر شیریں اور پروفیسر جمشید اختر بھی شریک ہوئے۔الحاق شدہ میڈیکل کالجز کے پرنسپلز اور جرنلز کے ایڈیٹرز بھی تقریب میں موجود تھے۔