• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ویمنز ٹی 20، جین کا آخری گیند پر چھکا، آئرلینڈ فتح یاب، پاکستان کو میچ سیریز میں شکست

ڈبلن(جنگ نیوز) آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر چار وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔ ٹاپ اسپنر سعدیہ اقبال نے آخری اوور کرایا، انہوں نے پانچویں گیند پر وکٹ لے کر میچ میں سنسنی پید اکی۔ اس وقت ہوم سائیڈ کو جیت کیلئے چار رنز درکار تھے۔ تاہم میچ کی آخری گیند پر بیٹنگ کیلئے کریز پر پہنچنے والی جین میگوائرکے ارادے کچھ اور تھے۔ انہوں نے فیصلہ کن گیند پر چھکا لگاکر فتح پر مہر لگادی۔ ربیکا اسٹوکل 16 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ انہیں میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ جمعہ کو ڈبلن کے کلونٹارف کرکٹ کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے شوال ذوالفقار، منیبہ علی، ایمان فاطمہ اور ناتالیہ پرویز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ شوال ذوالفقار نے 33 اور منیبہ علی نے 27 رنز کی اننگز کھیلیں۔ا یمان فاطمہ نے 23 رنز کی اننگز میں اچھے اسٹروکس کھیلے۔ انہوں نے دو چوکوکے اور ایک چھکا لگایا۔کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے23 رنز اسکور کیے۔ آخر میں نتالیہ پرویز کی 17 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 31 رنز کی تیز رفتار اننگز نے اسکور کو ایک مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا۔کارا مرے اورلارامیک برائڈ نے دو دو وکٹ لیے۔ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا، انہوں نے اوپنرز کو جلد کھو دیا۔ تاہم، کپتان لارا ڈیلانی اور اورلا پرینڈرگاسٹ نے شاندار شراکت قائم کی اور میچ کو پاکستان کی دسترس سے دور لے گئیں۔ پرینڈرگاسٹ نے 51 رنز کی ایک دلیرانہ اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے شاندار چھکے بھی لگائے۔ لارا ڈیلانی نے 42 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے رامین شمیم نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور کپتان فاطمہ ثناء نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، مگر یہ فتح کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکیں۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے 169 رنز کا ہدف مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری ٹی20 میچ 10 اگست کو کھیلا جائے گا۔میچ میں 339رنز بنے۔ یہ د ونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے کسی بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کا سب زیادہ مجموعی ٹوٹل ہے۔

اسپورٹس سے مزید