• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب تک ٹیرف کا تنازع حل نہیں ہوتا، بھارت سے تجارتی مذاکرات نہیں ہوں گے، ٹرمپ

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جب تک ٹیرف کا تنازع حل نہیں ہوتا، بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات نہیں ہوں گے، اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف کا معاملہ حل ہونےتک کسی تجارتی ڈیل پر پیش رفت نہیں ہو سکتی ، دوسری جانبامریکی صدر کی جانب سے روس کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی تاہم امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے روسی حکام کے ساتھ رابطوں کے بعد دونوں ممالک یوکرین جنگ بندی معاہدے کی طرف بڑھ رہے ہیں،چین کے صدر شی جن پنگ نے روسی ہم منصب پیوٹن کیساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ چین اس بات پر خوش ہے کہ روس اور امریکا یوکرین تنازع کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے لئے رابطے میں ہیں اور تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بتایا ہے کہ انہوں نے صدر پیوٹن کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی ہے، ان کے مطابق انہوں نے پیوٹن کو بتایا کہ وہ سال کے آخر میں ان کے دورہ بھارت کے منتظر ہیں ۔ادھر امریکی صدر کے ایلچی اسٹیو وٹکوف نے یوکرین، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے سینئر حکام کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں انہیں بریفنگ دے سکیں اور مستقبل کے راستے پر بات کر سکیں، جس میں ٹرمپ-پیوٹن ممکنہ ملاقات بھی شامل ہے۔یہ بات اس معاملے سے واقف دو ذرائع نے بتائی۔ صدر ٹرمپ روس کے حوالے سے ایک زیادہ سخت مؤقف اختیار کرنے کی طرف بڑھ رہے تھے، لیکن ٹرمپ-وٹکوف ملاقات کے بعد انہوں نے اپنا رخ بدل لیا اور "ہونے والی ترقی" اور پیوٹن کے ساتھ ایک سربراہی اجلاس کے امکان کے بارے میں پرامید انداز میں بات کرنا شروع کر دی۔قبل ازیں چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے شی جن پنگ کے حوالے سے بتایا کہ چینی صدر نے پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگومیںکہا کہ بیجنگ امن مذاکرات اور تنازع کے سفارتی حل کی ضرورت پر اپنا مؤقف برقرار رکھے گا۔سی سی ٹی وی کے مطابق، یہ کال صدر پیوٹن کی درخواست پر کی گئی تھی۔

اہم خبریں سے مزید