کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں علاقہ کی یونین کے الیکشن پر تنازعہ پر دو گروہوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں کم عمر بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانہ کی حدود بلاک 5 چمن اقبال کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 45سالہ رحمان ولد ایہام،45سالہ نزیر ولد عبدالزمان ،40سالہ اکبر ولد عبد الزمان اور 9سالہ وریشا دختر صادق جان زخمی ہوگئے،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اورر یسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیااور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، ایس ایچ او تھانہ گلستان جوہر سعید دھاریجو نے بتایا ہےکہ چمن اقبال کالونی میں یونین کے الیکشن ہورہے ہیں ،الیکشن پر دو گروہوں میں جھگڑے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں مذکورہ افراد زخمی ہوئے،پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورت حال پر قابو پالیا ہے،واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں ۔