اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان سے روایتی جنگ میں شکست خوردہ بھارت پاکستان کو ویکسینز سپلائی میں رکاوٹیں ڈالنے لگا۔ بھارتی کمپنی یونیسیف کی پاکستان کیلئےخریدی گئی ویکسین سپلائی کرنے میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ذرائع وزارت صحت کے مطابق یونیسیف نے پاکستان کیلئے ویکسین بھارتی کمپنی سے خریدی ہیں، یونیسیف نے پاکستان کیلئے17 ملین سے زائد ویکسین ڈوز خریدی ہیں۔یونیسیف کی پاکستان کیلئے خریدی ویکسین کی مالیت 27 ارب روپے سے ہے، ویکسین کی 60 فیصد رقم یونیسیف، 40 فیصد پاکستان نے ادا کی ہے، پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین فراہمی کی درخواست کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی درخواست پر یونیسیف نے بھارت سے ویکسین خریداری کی، بھارت نے یونیسیف کو ویکسین جولائی کے آغاز پر سپلائی کرنی تھی، بھارتی کمپنی ویکسین سپلائی کرنے میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق یونیسیف کی پاکستان کیلئے ویکسین خریداری بھارتی علم میں نہیں تھی، بھارتی کمپنی پاکستان کا علم ہونے پر دانستہ طور تاخیر کر رہی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ یونیسیف نے پاکستان کیلئے بی سی جی، پینٹا ویلنٹ، نمونیہ ویکسین خریدی ہے، یونیسیف نے پولیو، ٹائیفائیڈ، خسرہ و روبیلا، ہیضہ ویکیسن خریدی ہے۔یونیسیف نے پاکستان کیلئے ویکسین سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا سے خریدی ہیں، بھارت سے بچوں کی ٹی بی ویکسین کی 30 لاکھ سے زائد ڈوز اور پینٹاویلنٹ ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے 20 لاکھ سے زائد پولیو ویکسین انجکشن خریدے گئے ہیں، نوموکوکل ویکسین کی ساڑھے چودہ لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں، ٹائیفائیڈ 31، خسرہ 28 لاکھ، ہیضہ کی 30 لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں۔