کراچی(نیوزڈیسک)لندن میں پولیس نے فلسطین ایکشن کے حامیوں کی جانب سے احتجاج پر 356مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔فلسطین ایکشن نامی تنظیم پر ٹیررازم ایکٹ کے تحت پابندی ہے ،رکنیت یا حمایت پر 14سال قید ہوسکتی ہے۔لندن میں پارلیمنٹ اسکوائرپر فلسطین ایکشن کے حامیوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔پولیس نے 365 حامیوں کو گرفتار کرلیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے کے آرگنائزر کے مطابق احتجاج میں 600 سے 700 افراد شریک ہوئے تاہم پولیس کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں مظاہرین کی شمولیت کی تردید کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق فلسطین ایکشن پر 5 جولائی 2025 سے ٹیررازم ایکٹ کے تحت پابندی ہے اور قانون کے تحت گروہ کی رکنیت یا حمایت پر 14 سال قید تک ہو سکتی ہے۔