اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان اور جمہوریہ آرمینیا کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سرپرستی میں تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کا معاہدے کیلئے سہولت کار کا کردار قابل تعریف ہے، آذربائیجان، آرمینیا کے درمیان تاریخی معاہدے سے تجارت، علاقائی انضمام کی نئی راہیں کھلیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، یہ تاریخی پیشرفت کئی دہائیوں سے تنازعات اور انسانی مصائب کے شکارخطے میں امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’’ایکس ‘‘پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم صدر الہام علیوف اور آذر بائیجان کے عوام کو اس تاریخی معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، انکے خطے کے پرامن مستقبل کا یہ راستہ دانشمندی، دور اندیشی اور تدبر کی عکاسی کرتا ہے۔