کراچی (جنگ نیوز) اس بار دل دھڑکیں گے تیز، سانسیں تھم جائیں گی اور ہر طرف گونجے گی آواز کا جادو! پاکستان کے نوجوانوں! لمحہ آ گیا ہے اپنی صلاحیت کو دنیا کے سامنے منوانے کا، کیونکہ پاکستان کا سب سے بڑا اور مقبول میوزک مقابلہ ”پاکستان آئیڈل“ کی صورت میں ایک شاندار انداز میں واپس آ رہا ہے۔ اور اس بار ججز کی کرسیوں پر بیٹھے ہوں گے استاد راحت فتح علی خان، دلوں کے ہیرو فواد خان، سریلی آواز کی ملکہ زیب بنگش اور میوزک کے ماسٹر بلال مقصود۔ مقابلہ ہوگا سخت، جوش ہوگا بے پناہ اور خواب بنیں گے حقیقت۔ ابھی فون اٹھائیں، آڈیشن اپ لوڈ کریں اور اگلے پاکستان آئیڈل بننے کا موقع نہ گنوائیں کیونکہ شاید یہ وقت، یہی لمحہ آپ کا ہو!۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل جیو ٹی وی پر پاکستان آئیڈل کی واپسی کی خبر سنتے ہی نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور ہر طرف آڈیشن اپ لوڈ کرنے کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔”جیو ٹی وی“پر اس خبر نے دھوم مچا دی ہے کہ اس بار مقابلہ پہلے سے بھی زیادہ سخت ہوگا کیونکہ ججز کے طور پر چار بڑے نام سامنے آ رہے ہیں، استاد راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش اور بلال مقصود، جو نئے گلوکاروں کی آواز اور فن کا کڑا امتحان لیں گے۔ ایم ایچ ایل کی پیشکش پاکستان آئیڈل کے لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد آڈیشنز اپ لوڈ کر رہی ہے، کیونکہ سپر اسٹار بننے کا خواب ہر دل میں دھڑک رہا ہے، اور یہی خواب ان کی آوازوں کے سنگیت سے مل کر ایک نیا جادو پیدا کرے گا۔