• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے شہری گزشتہ 17 سال سے پانی کے بحران کا شکار، منعم ظفر خان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت کی نااہلی و کرپشن کی وجہ سے کراچی کے شہری گزشتہ 17 سال سے پانی کے بحران کا شکار ہیں، اس مدت میں ایک قطرہ پانی کا بھی اضافہ نہیں ہوا، اورنگی ٹاؤن کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، بعض علاقوں میں مہینوں تک پانی نہیں آتا،قابض میئر مرتضیٰ وہاب حب کینال منصوبے کے نام پر صرف لیپا پوتی کر رہے ہیں،اگر اس کینال سے اورنگی اور غربی کو پانی نہ ملا تو اس منصوبے کا کوئی فائدہ نہیں، جماعت اسلامی نے شہر میں ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے،ہم درخت بھی لگائیں گے اور حالات و نظام بھی بدلیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیڈ ایم سی پارک، شاہراہ اورنگی میں جماعت اسلامی کے تحت ʼʼآؤ اورنگی سر سبز بنائیں ʼʼ شجر کاری مہم کے سلسلے میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع غربی مولانا مدثر حسین انصاری،خالد زمان شیخ ودیگر یونین کمیٹی کے چیئرمینوں نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء منعم ظفر خان نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ محمد علی جناح پارک یوسی چار میں پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیااور شجرکاری مہم کے سلسلے میں شہریوں کو بڑی تعداد میں پودے بھی تقسیم کیے گئے،اس موقع پر اہل فلسطین و کشمیر سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سید علی گیلانی، یحیٰ السنوار اور اسماعیل ہانیہ کے نام سے منسوب 3پودے بھی لگائے گئے، علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے بیٹے اور بیٹی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےکہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے بجائے وقتی لیپا پوتی کی جاتی ہے، عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے سڑکوں کی نگرانی کے لیے کیمرے لگانے کے اعلانات تو بہت کیے جاتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ الٹا موٹر سائیکل سواروں پر نئی نمبر پلیٹ لگانے کے لیے سختی کی جاتی ہے جبکہ بھاری گاڑیوں کی لاپرواہ ڈرائیونگ روکنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جاتا، گزشتہ رات گرفتار کیے گئے ایسے تمام بے قصور افراد کو فوراً رہا کیا جائے۔ حادثے کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ڈرائیور انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے کی جرات نہ کرے،نمازِ جنازہ جامع مسجد نورالسلام نیو کراچی 11Dکے باہر سڑک پرادا کی گئی، جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، بلدیاتی ذمہ داران، اہلِ محلہ، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید