• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی 20، منیبہ علی کی دھواں دھار سنچری، پاکستان فتح یاب

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) منیبہ علی کی نا قابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان خواتین نے آئرلینڈ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل8 وکٹ سے جیت لیا لیکن میزبان ٹیم نے سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔ منیبہ علی نے دوسری ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری بنائی۔ وہ اس فارمیٹ میں دو سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔ اتوار کو ڈبلن میں انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں 68 گیندوں پر100 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور14 چوکے شامل تھے۔ آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹ پر 155 رنز بنائے۔ اورلا پینڈرگاسٹ نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ فاطمہ ثنا، رامن شمیم، سعدیہ اقبال اور وحیدہ اختر نے ایک ایک وکٹ لی۔ پاکستان نے ہدف دو وکٹ کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ منیبہ علی 100 اور عالیہ ریاض 39 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔انہوں نے پانچ چوکے لگائے۔ منیبہ نے62رنز چوکوں کی مدد سے بناکر اپنا56 رنز کا ریکارڈ بہتر کیا۔ منیبہ کو پلیئر آف دی میچ اورسیریز میں144رنز اور چار وکٹیں لینے والی ورلا پرینڈر گاسٹ کو پلیئر آف سیریز کا ایوارڈ ملا۔ آئر لینڈ نے پہلا میچ 11 رنز سے اور دوسرا میچ 4 وکٹوں سے جیتا تھا۔ اتوار کو ٹاس آئرلینڈ ویمنز نے جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 4 وکٹ پر155 رنز بنائے۔ پاکستان ویمنز نے 17.4 اوور میں 2 وکٹوں پر 156 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ آئرلینڈ کی کپتان گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں52 رنز کا اضافہ کیا۔ گیبی لوئس 8 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر رامین شمیم کا شکار بنیں ۔ 86 کے مجموعی سکور پر وحیدہ اختر نے29 رنز بنانے والی ایمی ہنٹر کی وکٹ حاصل کرلی۔ 121 پر سعدیہ اقبال نے لی پال کو 11 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔ آخری اوور میں فاطمہ ثنا نے ریبیکا اسٹوکل کو پویلین لوٹایا لیکن اس اوور میں لگنے والے تین چوکوں کی وجہ سے اسکور 155 ہوگیا۔ اورلا پرینڈر گاسٹ نے اپنی 9 ویں اور سیریز میں دوسری ففٹی بنائی۔ وہ 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان نے جواب میں تیز رفتار آغاز کیا اور منیبہ علی نے اننگز کی پہلی تین گیندوں پر تین چوکے لگائے۔ انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ شوال ذوالفقار کے3 اور نتالیہ پرویز کے 9 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 101 رنز کا اضافہ کیا۔

اسپورٹس سے مزید