• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز سے دوسرا ون ڈے، بابر اعظم صفر پر بولڈ

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں بارش نے میچ کا مزہ کر کرا کردیا۔ اتوار کی شب آخری اطلاعات تک دوپہر کو جب تیز بارش کی وجہ سے میچ روکا گیا تو پاکستان کا اسکور33.5 اوورز میں چھ وکٹ پر 139رنز تھا۔ حسن نواز17اور محمد نواز پانچ رنز پر کھیل رہے تھے۔ میچ 40اوورز تک محدود کردیا گیاتھا۔گیند اسپن ہورہی تھی اور پچ پر فاسٹ بولروں کو بھی مدد مل رہی تھی۔ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ37 رنز کا اسٹینڈ دیا ۔ لیکن صائم ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے31گیندوں پر23رنز بنا کر جیڈن سیلز کی گیند پر سلپ میں کیچ ہوگئے۔ تین گیندوں پر جیڈن سیلز نے دنیا کے صف اول کے بیٹر بابر اعظم یارکر پر بولڈ کردیا۔ بابر اعظم ون ڈے میں31 اننگز کے بعد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سیلز نے ڈبل وکٹ میڈن اوور کرایا۔16ویں اوور میں جب اسکور دو وکٹ پر60رنز تھا تو میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔ کھیل دوبارہ شروع ہوا توعبداللہ شفیق اور محمد رضوان اوپر تلے آوٹ ہوگئے۔ عبداللہ، بلیڈز کی شارٹ پچ گیند پر فائن لیگ باونڈری پر کیچ ہوگئے۔ انہوں نے40گیندوں پر26رنز تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اسپنر موتی کی گیند پر کراس کھیلنے کی کوشش میں محمد رضوان 38گیندوں پر16رنز بناکر اسٹمپ ہوگئے۔ حسین طلعت نے ایک اور اچھی اننگز کھیلی وہ 32 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 31رنز بنا کرروسٹن چیز کا شکار بنے ۔ سلمان علی آغا نو رنز پر شمار جوزف کی اٹھتی ہوئی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوگئے۔ پاکستان نے فاسٹ بولر نسیم شاہ، فہیم اشرف اور اسپنر سفیان مقیم کو آرام دے کر فاسٹ بولرحسن علی، اسپنر محمد نواز اور ابرار احمد کو موقع دیا۔

اسپورٹس سے مزید