• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو ہاکی اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتے 41 برس مکمل

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کو اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتے ہوئے پیر کو41سال مکمل ہوگئے۔ پاکستان نے ہفتہ11 اگست 1984 میں لاس اینجلیس اولمپکس میں منظور جونیئر مرحوم کی قیادت میں جرمنی کو 2-1 سے ہراکر طلائی تمغہ جیتا تھا۔ مگر قومی کھیل اس وقت بحران سے دوچار ہے، پچھلے تین اولمپکس اور تین ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کوالیفائی بھی نہیں کرسکی۔ اس صورت حال پر جرمنی کے خلاف فتح گر گول کرنے والے کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ اس قدر زوال قومی ہاکی پر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ حنیف خان ، رشید الحسن ، حسن سردار ، ناصر علی، شاہد علی خان، معین الدین بھی موجودہ حالات سے مایوس ہیں۔ ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اس وقت کی حکومت کے اعلان کردہ انعامات مل گئے تھے۔ نعیم اختر نے کہا کہ صرف پلاٹ اور ادارے میں ترقی ملی تھی، صوبائی حکومتوں کے انعامات نہیں ملے۔ ایبٹ آباد ڈسٹرکٹ کی جانب سے 15لاکھ روپے ملے تھے جس اپنے گاؤں کی سڑک بنوائی جو آج بھی ان سے موسوم ہے۔ سابق کپتان حسن سردار نے کہا کہ نقد رقم نہیں ملی تھی پلاٹ اور ترقی دی گئی تھی، پلاٹ بھی دوسال بعد کھلاڑیوں کے دباؤ پر دیا گیا تھا۔ رشید الحسن کا کہنا ہے کہ کھلاڑی لکھ پتی ہوگئے تھے، ناصر علی، خالد حمید، شاہد علی خان، اشتیاق احمد، مشتاق احمد، توقیر ڈار، قاسم ضیاء، معین الدین، کلیم اللہ اور حنیف خان انعامات سے خوش ہیں ۔

اسپورٹس سے مزید