کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں میزبا ن شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ بھارتی وزیراعظم مودی پر گیارہ سال میں مشکل ترین وقت اندرونی اور بیرونی دباؤ میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔بہار الیکشن کے نتائج کو مودی کے سیاسی مستقبل کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے اور اپوزیشن دھاندلی کے خدشات کا اظہار کر رہی ہے۔ مودی حکومت نے ابھی سے ریاستی مشینری کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ راہول گاندھی نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے سنگین اسکینڈل سے پردہ اٹھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ حملوں میں شدت آرہی ہے جن کا نشانہ عام شہری ہیں ۔ غزہ سٹی میں صحافیوں کے ٹینٹ پر اسرائیلی حملہ سے الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید ہوگئے۔غزہ کے شہید صحافی انس جمال الشریف کا آخری پیغام ان کی شہادت کے بعد ان کے ایکس اکاؤنٹ پر ان کا پیغام جاری کیا گیا ۔آسٹریلیا نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آج پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہاہے گیارہ اگست 2009 کو حکومت پاکستان نے آج کے دن کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے آج کی صورتحال قائد اعظم کے وعدوں کے بالکل برعکس ہے۔