• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈریشن کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کا گرین سگنل مل گیا، ذرائع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کا گرین سگنل مل گیا۔ ذرائع کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے مشیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قائم کردہ جائزہ لینے کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ پی ایچ ایف حکام نے پرو لیگ میں شرکت کے پاکستان ہاکی پر ہونے والے اثرات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء قومی کھیل کی بحالی اور سنہری دور کی واپسی کیلئے پرو ہاکی لیگ میں شرکت پر متفق نظر آئے، سیکریٹری پی ایچ ایف کی جلد ایڈیشنل سیکریٹری فنانس سے ملاقات ہوگی۔ معاملات طے ہونے پر اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف حکام کو خود بھی فنڈ حاصل کرنے اور اسے پی ایس بی کے اکاؤنٹ میں رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، وفاقی حکومت نے ٹیم کی شرکت کے لئے صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرو ہاکی لیگ کے لیے پی ایچ ایف نے 35 کروڑ روپے اخراجات کا تخمینہ پاکستان اسپورٹس کو بھیج رکھا ہے۔ پی ایچ ایف نے کہا کہ فیڈریشن کو براہ راست فنڈنگ نہ کی جائے، حکومت پی ایس بی کو یہ رقم دے اور وہ ہی اخراجات برداشت کرے۔یاد رہے کہ سابق اولمپئنز نے بھی حکومت پر زور دیا تھا کہ ہاکی میں بہتری کیلئے پرو ہاکی لیگ میں ٹیم کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

اسپورٹس سے مزید