• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بحریہ ٹاؤن کے مقدمے کی سماعت سے معذرت کرلی

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) چیف جسٹس آف پاکستان ،مسٹر جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے نیب کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے عمل کورکوانے کے حوالہ سے دائر مقدمہ کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے مقدمہ دوبارہ پہلے والے تین رکنی بنچ کو بھجوانے کا حکم جاری کردیا ،چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز اپیلوں کی سماعت کی تو اپیل گزار ،بحریہ ٹاؤن کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے،فاضل چیف جسٹس نے کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مناسب ہوگا اس مقدمہ کی سماعت پہلے والا بینچ ہی کرے ۔ اپیل گزار وکیل نے بتایا کہ اس حوالہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کردیا گیا ، انہوں نے عدالت سے تفصیلی فیصلے پراپنے موکل کی جانب سے معروضات جمع کروانے کی اجازت دینے کی استدعا کی تو عدالت نے منظور کرلی جبکہ عدالت نےمقدمہ پرانے بینچ کو بھجوا تے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ،یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹس امین الدین خان بنچ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بنچ نے 8اگست کومقدمہ کی سماعت کے دوران اپیل گزار بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اپنی جائیدادوں کی نیلامی پر فوری طور پر حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپیل گزار وکیل کو بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کیخلاف دائر نیب ریفرنسز سمیت ضروری دستاویزات کی نقول جمع کروانے کا حکم جاری کیا تھا جبکہ بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے کہاتھا کہ آئندہ سماعت پر مرکزی مقدمہ اور اس میں دائر شدہ متفرق درخواستوں کی سماعت ہوگی،تاہم جب رواں ہفتہ کاز لسٹ سامنے آئی تو تین رکنی بنچ جسٹس امین الدین خان کی بجائے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم کیا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید