اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ 14 اگست حصولِ آزادی کا دن ہے ،10 مئی تحفظِ آزادی کا، بھارت ہر اعتبار سے کئی گنا بڑا ملک معرکہ حق کے بعد پاکستان کے مقابلے میں چھوٹا سا بونا بن کے رہ گیا ہے۔ ایف-نائن پارک میں، نظریہ پاکستان کونسل میں منعقدہ جشن آزادی اور معرکہ حق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ قائدِاعظم نے نظریے، اصولوں اور اپنے کردار کے ہتھیاروں سے انگریز اور برہمن سامراجوں کو شکست دی۔ کبھی گاندھی اور نہرو کو گالی نہ دی، کبھی کوئی لانگ مارچ نہیں کیا، کبھی کوئی دھرنا نہیں دیا، وہ ایک دن کیلئے جیل نہیں گئے، ہمیں بھی انہی کے اصولوں اور قائدانہ کردار کو مشل راہ بنانا چاہئے ۔عرفان صدیقی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور عسکری قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہماری آزادی کے قلعے کی محافظ ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا جواب، ایٹمی دھماکوں سے دینے کا فیصلہ چند گھنٹوں کے اندر اندر کر لیا تھا۔ ایک محب وطن لیڈر کے طور پر نواز شریف نے ہر طرح کے عالمی دبا اور لالچ کو ٹھکرا کر کہا کہ میں وہی کروں گا جو پاکستان کے مفاد میں ہے اور جو میرے عوام چاہتے ہیں۔ اس سے قبل سینیٹر عرفان صدیقی نے پرچم کشائی کی اور کونسل کے صحن میں پودا لگایا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں عوام اور نوجوانوں نے شرکت کی۔