ملتان (سٹاف رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی ملتان کی ساتویں سنڈیکیٹ کا اجلاس گزشتہ روز ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفتر لاہور میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایجنڈا آئٹمز کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پلاننگ اینڈ فنانس کمیٹی اور یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی، جبکہ بجٹ کو متوازن اور بغیر خسارے کے ہونے پر قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔ اکیڈمک کونسل کے فیصلوں کی توثیق کی گئی اور بورڈ آف اسٹڈیز و بورڈ آف فیکلٹی کے اختیارات وائس چانسلر کو تفویض کر دیے گئے۔مزید برآں، یونیورسٹی کی پہلی ڈگری اور ٹرانسکرپٹ کا نمونہ منظور کر لیا گیا اور یونیورسٹی کا ماسٹر پلان بھی منظوری کے بعد نافذ العمل قرار پایا۔ اجلاس میں حال ہی میں منعقدہ سلیکشن کمیٹی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے دو رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق، خزانہ دار ندیم مشتاق، ممبران صوبائی اسمبلی، پی ایچ سی کے نمائندے اور لا اینڈ پارلیمانی امور کے نمائندے موجود تھے۔