کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ کے فور منصوبے کا 5بار افتتاح ہو چکا اور 5مختلف وزرائے اعظم اور لیڈریہ دعویٰ کرتے رہے، لیکن عملی کام نہیں ہوا، آج آپ کا جیالہ میئر اور ڈپٹی میئر نئی حب کینال بنا چکے، جس سے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے، اگر وزیراعظم بھی جیالا ہوا تو ہم پورے پاکستان میں مثالی ترقیاتی کام کرکے دکھائیں گے، کراچی وہی شہر ہے جس کے خلاف مسلسل منفی پراپیگنڈا کیا جاتا ہے،۔ وہ ہفتے کو یہاں ضلع کورنگی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ رہے تھے۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، دل محمد، سٹی کونسل کے اراکین، مختلف یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور پارٹی کے دیگر عہدے داروںسمیت عوام کی بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ میئر کراچی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ کورنگی کے عوام کے لیے جدید اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہے گا۔