کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں تینوں پہلی پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں جبکہ پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر دو طالبات نے حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن مشترکہ طورپر عثمان پبلک اسکول کیمپس ون کی طالبہ لائبہ انصاری بنت محمد عاصم عبدالعزیز رول نمبر 219251 اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ سیدہ عنزیلہ حیدر زیدی بنت سید عقیل حیدر زیدی رول نمبر 221331 نے ٹوٹل 1100میں سے 1019 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی جبکہ بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ آئزل مرحا بنت زبیر عارف رول نمبر 221211 نے 1014نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن اور ہمدرد انٹرمیڈیٹ کالج فار سائنس اینڈ کامرس بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کی طالبہ حفصہ عمران بنت عمران رول نمبر 219422 نے 1010 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 21ہزار 617 امیدوارو ں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 21ہزار 19 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 11ہزار 547 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 54.94فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 1035امیدوار اے ون گریڈ، 1762 اے گریڈ، 2351 بی گریڈ، 2938 سی گریڈ، 3124 ڈی گریڈ، 296 ای گریڈمیں کامیاب قرار پائے جبکہ41امیدوار پاس ہوئے۔نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ BIEK پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کامیاب طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی