• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ سائلینٹ موڈ‘ پر چلنے والے بابر، رضوان ٹیم سے باہر، ایشیا کپ، سہ فریقی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان

کراچی (عبدالماجدبھٹی) گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان کوٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فتوحات دلوانے والے ملک کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم اور محمد رضوان کافی عرصے ’’سائلینٹ موڈ‘‘ میں ہیں۔ اسی بنا پر ایک بار پھر پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ دونوں کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کو ختم کرنے کی باتیں قبل از وقت ہیں لیکن ہم مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ اتوار کو سلیکٹر عاقب جاوید نے لاہور میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان، افغانستان اور امارات پر مشتمل سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ کیلئے سلمان علی آغاز کی قیادت میں 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ نسیم شاہ جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں ، فاسٹ بولرسلمان مرزا اور محمد وسیم جونیئر کی واپسی ہوئی ہے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ بابراعظم اور رضوان کبھی ٹی 20 اسکواڈ میں واپس نہیں آئیں گے، جو کھلاڑی پرفارم کرے گا وہ ٹیم میں واپس آسکتا ہے، کسی بھی کھلاڑی کی شمولیت پر فل اسٹاپ نہیں لگایا جاسکتا۔ سہ فریقی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں جبکہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظبی اور دبئی میں ہوگا۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نےکہا کہ ٹی 20 بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، ہم آخری 9 میں سے 6 میچز جیتے ہیں، 3 میں سے ایک میچ ہم آخری گیند پر ہارے، ایک میچ ہم تھوڑے سے رنز سے ہارے اور ایک میچ میں ہمیں بری طرح شکست ہوئی، مجموعی طور پر 9 میں سے 8 میچز ہم جیتنے کی پوزیشن میں تھے۔ ٹی 20 فارمیٹ میں بابر اعظم کے مستقبل سے متعلق سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ 3 میچز کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کی فارم کو جانچنا بہت سخت بات ہے، بابر نے پہلے ون ڈے میں بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، مگر اگلے دو میچز میں وہ تسلسل برقرار نہیں رکھ سکے، مگر ہم سب جانتے ہیں کہ وہ کتنے بہترین کھلاڑی ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بابر کو کچھ ایریاز میں کام کرنے کی ضرورت ہے، جیسا کہ اسپن میں اسٹرائیک ریٹ کا مسئلہ ہے مگر وہ اس حوالے سے سخت محنت کررہا ہے۔ بابر اعظم جیسے کھلاڑی کے پاس بی بی ایل میں پرفارم کرکے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی خامیاں دور کرنے کا موقع ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کو مستقل ٹی 20 ٹیم سے باہر کرنے کے سوال پر سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے کوئی انسان فل اسٹاپ نہیں لگا سکتا، مواقع موجود ہیں، ان کے بگ بیش میں معاہدے ہورہے ہیں، پی ایس ایل موجود ہے، جو کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا وہی کھیلے گا اور اسی کو کھیلنا چاہیے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان اس سے پہلے چار سیریز میں نہیں تھے، دیگر کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے۔ دونوں ٹورنامنٹس کے لئے پاکستانی ٹیم میں پاکستانی ٹیم میںصائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، حسن نواز، محمد حارث، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سلمان مرزا، حسن علی، سفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید