کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں محمد رضوان نے لکھا کہ میری دعائیں اور محبتیں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ ہیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے جڑی کہانیاں اور مناظر دل توڑ دینے والے ہیں، تمام متاثرہ خاندان یہ جان لیں کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ محمد رضوان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں، عطیات دیں اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ہر چھوٹی سے چھوٹی مدد بھی بڑا فرق ڈال سکتی ہے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی اپیل کردی۔ سوشل میڈیا پر شاہین آفریدی نے سیلاب متاثرہ خاندانوں سے دکھ کا اظہار کیا اور پیغام شیئر کیا کہ میری دعائیں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔ مہربانی کر کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے، ہم سب اس مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔