کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ظاہر ہے پاکستان کوسہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ جیتنا ہے، ہماری توجہ اس پر بہت زیادہ ہے۔ میرے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستان نے9ٹی ٹوئنٹی میچ جیتے، ان میں سے چھ جیتے ہیں، باقی تین میں سے دو ہم آخری گیند پر جا کر ہارے ایک میچ میں ہمیں بری طرح شکست ہوئی، مجموعی طور پر 9 میں سے 8 میچز ہم جیتنے کی پوزیشن میں تھے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، لہٰذا ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ سلیکشن میں مستقل مزاجی رکھیں اور جیتیں۔ میں یقینی طور پر خوش ہوں کہ جب ہماری بات چیت ہوئی تو ہمارے پاس اختیارات تھے۔ اتوار کو پریس کانفرنس میں مائیک ہیسن نے کہا کہ دستیاب کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، صاحبزادہ فرحان 6 میچز میں سے 3 میچز میں مین آف دی میچ رہا ہے، آپ کو ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے، جب وہ اسکور کرتے ہیں تو میچ کے نتیجے پر فرق پڑتا ہے، فخر اور صائم بھی ایسے ہی ہیں، یہ تینوں کھلاڑی ٹیم میں شمولیت کے حق دار تھے۔ ویسٹ انڈیز کے تیسرے میچ میں ہمارے اوپنرز نے 140رنز بنائے ۔ ہمیں رن ریٹ پر کام کی ضرورت ہے جو ہمیں کھیل سے آگے لے جائے گا۔ ہیڈ کوچ نے ٹیم سلیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سلمان مرزا کو بنگلہ دیش کی پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔