کراچی (اسٹاف رپورٹر) سلیکٹر عاقب جاوید کہتے ہیں 17رکنی اسکواڈ سے بہت مطمئن اور پرامید ہوں، اس میں ٹیلنٹ بھی ہے اور مواقع بھی ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اعلان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 14ستمبر کو بھارت کو دھول چٹانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ اس اسکواڈ میں اتنی صلاحیت ہے کہ یہ کسی بھی ٹیم کو ہراسکتا ہے ۔ یہ ایک جیسا گروپ ہے جو کھیل رہا ہے، امید ہے کہ یہ کھلاڑی جو چل رہے ہیں وہ آگے بھی اچھا کریں گے، ٹی ٹوئنٹی اگر سیدھے بیٹ سے کھیلنا ہے تو پھر ٹی ٹوئنٹی کھیلنی نہیں چاہیے، صائم، صاحبزادہ اور فخر زمان اچھا کھیل رہے ہیں ان پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ ٹی 20 کے تناظر میں یہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم ون ڈے کے حوالے سے کسی اور وقت پر بات ہوسکتی ہے۔ عاقب جاوید نے کہاکہ صائم ایوب ایوب ایک سال سے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ون ڈے میں فخر زمان سب سے تسلسل سے رنز بنانے والے بیر ہیں، صاحبزادہ فرحان نے بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ رنز بنانے کی اوسط اور اسٹرائیک ریٹ ہی بیٹر کو اچھا بناسکتی ہے، ان دونوں چیزوں کو دیکھیں تو صاحبزادہ سے زیادہ بہتر آپشن کیا ہوسکتا ہے۔ فخر زمان پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، میرا خیال ہے کہ یہ کھلاڑی ہمارے بہترین آپشنز ہیں اور ہم ان کا ساتھ دیں گے۔