کراچی (عبدالماجدبھٹی) بابر اعظم اور محمد رضوان ٹی 20فارمیٹ میں حالیہ عرصہ میں کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے اسٹرائیک ریٹ پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ دونوں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں بھی اپنے مرتبے کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے۔ بابر اعظم کوئی ففٹی نہ بناسکے ۔ سیریزمیں ان کے اسکور 47، 0 اور 9تھے۔ کپتان محمد رضوان نے ایک نصف سنچری کی مدد سے69رنز23 کی اوسط سے بنائے تھے۔ رضوان نے پہلے میچ میں 53 رنز بنائے، اس کے بعد 16اور 0کے اسکور بناسکے۔ پی ایس ایل میں بابر نے پشاور زلمی کےلئے دس اننگز میں 288رنز بنائے تھے۔ اس میں 56ناٹ آؤٹ، 53ناٹ آؤٹ اور 94کی اننگزشامل تھیں لیکن ان کا مجموعی اسٹرائیک ریٹ 128.57تھا۔ دونوں نے آخری بار پاکستان کیلئے ٹی ٹوئنٹی میچ 13دسمبر 2024کوجنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں کھیلا تھا۔ جس کے بعد سے پاکستانی سلیکٹرز نے دونوں کو گذشتہ 14ٹی ٹوئنٹی میچوں میں منتخب نہیں کیا۔ امارات کے دونوں ٹورنامنٹس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف دو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ایک سیریز میں انہیں ڈراپ کیا گیا ۔بابر ابر اعظم نے گذشتہ سال جون میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی44رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ امریکا اور کینیڈا کے خلاف بھی نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے۔