کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کے لئے پاکستان ٹیم سے ڈراپ ہونے والے محمد رضوان نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو مبارکباد۔ ایشیا کپ ایک بڑا اسٹیج ہے، میں جانتا ہوں کہ ہماری ٹیم اس میں نمایاں رہے گی ، یہ ٹیم کو سپورٹ کرنے کا وقت ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی ایک نئی ٹیم ابھر کر سامنے آرہی ہے، سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز جیسے پلیئرز کو موقع ملا ہے، اچھی ٹیم کا اعلان ہوا ہے، امید ہے، اچھا پرفارم کرے گی، فخر زمان ہمیشہ سے پاکستان ٹیم کیلئے ریڑھ کی ہڈی رہا ہے، جب جب ضرورت پڑی ہے، فخر زمان نے اچھا پرفارم کیا ہے، یو اے ای میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا رہا ہے، امید ہے اس بار بھی اچھا کھیلے گی، اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت خوش آئند ہے، پاکستان ضرور کوالیفائی کرے گا اور امید ہے گولڈ میڈل لے کر آئےگا۔ سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کراچی میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پچھلے تین چار ماہ سے ٹیمیں میرٹ پر بن رہی ہے، پرفارمرز کو موقع مل رہا ہے، نوجوان پلیئرز کا شامل ہونا خوش آئند بات ہے، سلیکٹرز نے بہت اچھی ٹیم کا انتخاب کیا ہے، یہ ٹیم نہ صرف سہ فریقی ٹورنامنٹ بلکہ ایشیا کپ بھی پاکستان اپنے نام کرے گی۔ سوچ کافی مثبت لگ رہی ہے، ہر کوئی پاکستان کیلئے کھیل رہا ہے ۔