اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)وفاقی وزارت دفاع کے تحت ادارے قومی موسمیاتی مرکز محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں میں شدید بارشوں کے باعث خطرناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ اور جنوب مشرقی سندھ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،موسمیاتی ماہرین کے مطابق مرکزی بلوچستان پر موسمیاتی دباؤ موجود ہے جبکہ بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور جنوبی حصوں میں داخل ہورہی ہیں اور ایک مغربی ہوا کا سلسلہ بھی شمالی حصوں پر اثر انداز ہورہا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، شمالی و جنوب مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش اور گرج چمک ہوئی جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ اسلام آباد میں گولڑہ 76 ملی میٹر، سیدپور 75، ایئرپورٹ 59، سٹی 40 اور بکرہ 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی میں چکلالہ 53 ملی میٹر، شمس آباد 44، کچہری، پیر ودھائی اور گوالمنڈی 42، نئی کٹاریان 40 ملی میٹر جبکہ جہلم میں 45، سیالکوٹ سٹی 38، ایئرپورٹ 23، منگلا 34، منڈی بہاؤالدین 24، اٹک 19، چکوال اور نارووال 04 اور مری میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سندھ میں تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں 50 ملی میٹر، اسلام کوٹ میں 44، ڈیپلو 12، چھور 23، مٹھی 18، ٹنڈو جام 03، حیدرآباد 02 اور موئن جو دڑو میں 01 ملی میٹر بارش ہوئی۔